اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان عمران خان تحریکِ انصاف کے کور کمیٹی اجلاس کی صدارت کریں گے، کور کمیٹی اجلاس آج شام کے وقت منعقد ہوگا۔
پاکستان تحریکِ انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزیر اعظم نے تمام ممبران کو ہدایت کی ہے کہ میٹنگ میں اپنی شرکت یقینی بنائیں۔
تحریکِ انصاف کور کمیٹی کے ممبران حکومت اور حزبِ اختلاف کے درمیان جاری گفت و شنید کے معاملات کا جائزہ لیں گے جبکہ اس موقعے پر قومی نوعیت کے دیگر معاملات پر بھی گفتگو ہوگی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کور کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کی صدارت کی جسے وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر طلب کیا گیا۔
رہائش گاہ بنی گالہ میں 18 دسمبر کو ہونے والے اجلاس میں صوبہ پنجاب کی اعلیٰ قیادت بشمول گورنر چوہدری محمد سرور، وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار اور کور کمیٹی اراکین نے شرکت کی۔
ہنگامی کور کمیٹی اجلاس میں عدلیہ کے فیصلوں بشمول سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو دی جانے والی سزائے موت کے ساتھ ساتھ دیگر اہم ملکی و سیاسی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں: کور کمیٹی کا ہنگامی اجلاس وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر منعقد