لندن: وزیر اعظم شہباز شریف اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے جہاں پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر روشنی ڈالی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم اقوامِ متحدہ جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔ دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کل سے 23 ستمبر کے دوران ہونے والے اجلاس کا حصہ بنیں گے اور اپنا مؤقف عالمی برادری کے سامنے رکھیں گے۔
سپریم کورٹ حکمرانوں کے خلاف ریفرنسز بحال کر دے گی۔شیخ رشید
ترجمان دفترِ خارجہ کے بیان کے مطابق وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری، کابینہ اراکین اور اعلیٰ حکام وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ ہوں گے۔ وزیر اعظم 23 ستمبر کو اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے اور سیلاب کے متعلق عالمی برادری کو آگہی دیں گے۔
دفترِ خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر اعظم اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں پاکستان میں حالیہ سیلاب اور موسمیاتی تبدیلیوں پر گفتگو اور علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کے مؤقف سے عالمی قائدین کو آگاہ کریں گے۔
بیان کے مطابق وزیر اعظم اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بھی گفتگو کرتے ہوئے مسئلۂ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کے پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کریں گے۔