اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے پر گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے جس میں انہوں نے عمران اسماعیل کی خیریت دریافت کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے گورنر سندھ کے کورونا وائرس سے لڑنے کے عزم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ خوف زدہ نہ ہوں ، آپ کو وائرس سے لڑنا ہوگا ۔ دونوں رہنماؤں نے کورونا وائرس پھیلنے کے دوران خصوصا سندھ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیر اعظم کی جانب سے انکی صحت کے بارے میں دریافت کرنے پر شکریہ ادا کیا، گورنر سندھ نے صحت یاب ہونے کے بعد سندھ کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ وہ سندھ میں احساس پروگرام کی نگرانی کریں گے۔
اس سے قبل پیر کے روز گورنر سندھ عمران اسماعیل کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی تھی جس پر وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی تھی۔