مظفر آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے سب سے بڑا چیلنج ٹیکس چوری ہے، 76سال کی ادھار کی زندگی مزید نہیں چل سکتی۔ وقت آگیا ہے کہ معیشت کیلئے کڑوے فیصلے کیے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے 1 روزہ دورۂ مظفر آباد کے دوران سیلاب متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج میں آپ سے اظہارِ تعزیت کیلئے آیا ہوں۔ جب تک آپ کے گھر بحال نہ ہوں، حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم بلا تاخیر آپ کی مدد کریں گے، جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20لاکھ، زخمیوں کو 5لاکھ روپے کی امداد دی جائے گی۔ مکمل تباہ مکانات کے مالکان کو 7لاکھ روپے معاوضہ دیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جزوی تباہ ہونے والے مکانات کے مالکان کو ساڑھے 3 لاکھ معاوضہ ملے گا۔ 13 مارچ کو تمام رقوم سروے کے بعد سیلاب متاثرین کو دی جائیں گی۔ آزاد کشمیر حکومت کا ریسکیو ہیلی کاپٹر کا مطالبہ جائز ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری بھائی مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں ہیں، 2 کروڑ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ ہمیں پاکستان کی خاطر مل بیٹھ کر کام کرنا ہے۔ معاشی صورتحال مخدوش ہے۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں قرض سے دی جارہی ہیں۔