اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں مسافروں کو عالمی معیار کی سفری سہولیات مہیا کرنے کیلئے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے شہرِ اقتدار کے مختلف سیکٹرز کو میٹرو بس سسٹم سے منسلک کرنے کی ہدایت کی۔ منصوبے کا اجراء کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں سفری سہولیات کی بہتری کیلئے حکام کو ہدایات جاری کردیں۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز کو میٹرو بس سسٹم سے منسلک کرنے کے منصوبے کا اجراء کردیا گیا جس کے پہلے مرحلے میں 13 روٹس اور 128 بسیں شامل ہیں۔
چینی کمپنیوں نے کراچی میں سرمایہ کاری کی دعوت قبول کرلی
فیڈر روٹس بس نیٹ ورک کا پہلا 13 روٹس اور 128 بسوں پر مشتمل مرحلہ آئندہ سال کی پہلی سہ ماہی میں مکمل کر لیا جائے گا جس میں اسلام آباد کے سیکٹر ایف، جی اور آئی کے ساتھ ساتھ ڈی 12 کو مرکزی میٹرو نیٹ ورک سے بسوں کے ذریعے منسلک کردیا جائے گا۔
فیڈر روٹس سے کم و بیش 1 لاکھ مسافروں کو آرام دہ اور بین الاقوامی معیار کی سفری سہولیات میسر آئیں گی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے میٹرو بس سسٹم سے اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز کو منسلک کرنے کے منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم نے چینی کمپنیوں نے کراچی میں پینے کے پانی کی فراہمی سمیت دیگر بڑے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جو چینی کمپنیوں نے قبول کر لی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے گزشتہ روز چین کی صف اوّل کی کمپنیوں کو دورہ پاکستان کی دعوت دی اور 10 ہزار میگا واٹ شمسی توانائی کے منصوبے پر مل کر کام کرنے کی پیشکش کی۔