ریاض: وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے اپنے 3 روزہ دورۂ سعودی عرب کے موقعے پر پاکستانی وفد کے ہمراہ عمرے کی ادائیگی کی ہے۔ تمام تر مناسکِ عمرہ کی ادائیگی کے دوران وفد کے اراکین شہباز شریف کے ہمراہ تھے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستانی وفد کے ہمراہ عمرہ ادا کیا ہے۔ وزیر اعظم اور وفد کیلئے کعبۃ اللہ کے دروازے کھول دئیے گئے۔ وزیر اعظم نے زیارتِ مقدسہ کے بعد حجرِ اسود کو بوسہ دیا اور کعبۃ اللہ کا طواف بھی کیا۔
وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، شہباز شریف کو گارڈ آف آنرز پیش
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ سعودی عرب میں شاندار استقبال کے دوران وزیر اعظم پاکستان کو گارڈ آف آنرز بھی پیش کیا گیا۔