اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کیلئے ازبکستان کا دورہ آج کریں گے جہاں روسی صدر ولادی میر پیوٹن اور چینی صدر سمیت دیگر اہم سربراہانِ مملکت سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے آج سے 16 ستمبر تک جاری رہنے والے سربراہی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ چینی صدر شی جن پنگ، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور بھارتی وزیر اعظم بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کا آغاز 15 ستمبر سے ہوگا
وزیر اعظم ازبک صدر کی دعوت پر شنگھائی تعاون تنظیم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کیلئے جارہے ہیں جس میں اہم عالمی اور علاقائی امور پر غور کیا جائے گا۔ موسمیاتی تغیرات سے نمٹنے، خوراک، توانائی اور پائیدار ترقی پر گفتگو ہوگی۔
خیال رہے کہ ازبکستان کے بڑے شہر سمرقند میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کا آغاز 15 ستمبر سے ہورہا ہے جس میں پاکستان، بھارت اور ترکی سمیت دیگر رکن ممالک کے سربراہانِ مملکت شرکت کیلئے تیار ہیں۔
سمرقند میں ازبک حکومت نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کیلئے تیاریاں شروع کردیں۔ تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد یہ شنگھائی تعاون تنظیم کا پہلا اجلاس ہوگا۔
بنیادی طور پر شنگھائی تعاون تنظیم سیاسی، اقتصادی اور عسکری محاذوں پر آپس میں تعاون کرنے والے ممالک کا بین الاقوامی پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے جس میں چین، قازقستان، کرغزستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان کے علاوہ پاکستان اور بھارت بھی شامل ہیں۔