وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈیفالٹ کے خدشے کا سوچ کر اکثر رات کو نیند نہیں آتی تھی، نواز شریف نے پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2018 میں پاکستان کی ترقی کے خلاف سازش کی گئی۔ نواز شریف پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانا چاہتے تھے۔ سازش کے بعد ایک ایسا دور آیا جب اپوزیشن جیلوں میں تھی۔
خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ نواز شریف کو جیل بھیجا گیا اور اپوزیشن کو دیوار سے لگایا گیا۔ آج کئی سال گزر گئے 300 ارب ڈالرز واپس نہیں آسکے۔ کہا جاتا تھا 300 ارب ڈالر باہر پڑے ہیں۔ 3ماہ میں لا دوں گا۔ یہ پیسہ اسٹیٹ بینک میں آجاتا، تو ٹھیک تھا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم الیکشن میں عوام کے فیصلے کے سامنے سرِ تسلیم خم کریں گے۔ بند لفافے میں کشمیر کے سودے کا فیصلہ ہوتا تو کیا ہوتا؟50 ارب روپے خزانے میں جاتے تو آج اس علاقے پر لگ رہے ہوتے۔ 4سال تک قوم کا پیسہ لوٹا گیا۔
انہوں نے کہا کہ4سال تک چور اور ڈاکو کی گردان کی گئی۔ مجھے رات کو نیند نہیں آتی تھی کہ ملک دیوالیہ ہوگیا تو کیا کریں گے؟ میں نواز شریف کو ملک کی ترقی و خوشحالی کا معمار کہتا ہوں۔ نواز شریف کو ہٹا کر 4سال ضائع کیے گئے۔ پیسہ قومی خزانے کی بجائے سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں چلا گیا۔