کراچی: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تھر کول منصوبے کے نتیجے میں کوئلے سے 3.50روپے فی یونٹ بجلی پیدا ہوگی جسے 10 روپے فی یونٹ فروخت کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق صحرائے تھر میں تھر انرجی لمیٹڈ بلاک ٹو اور تھر کول مائنز فیز 2 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ تھر تیزی سے ترقی کر رہا ہے جبکہ تھرکول جدید ٹیکنالوجی سے پایۂ تکمیل پانے والا منصوبہ ہے۔
وزیراعظم موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق تنظیم سی او پی 27 کے نائب صدر نامزد
تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ اس وقت لگنے والے کوئلے کے پلانٹس سے آلودگی نہیں ہوگی۔ تھر میں کوئلے کے ذخائر کا حجم 175 ملین ٹن ہے۔ یہاں پر شاندار منصوبے لگ رہے ہیں۔ بجلی پیدا ہورہی ہے۔ خواتین آر او پلانٹس آپریٹ کر رہی ہیں۔
خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ تھر میں لوگوں کو روزگار مل رہا ہے۔ پاکستان میں کوئلے کے 4000 میگا واٹ کے منصوبے لگے ہوئے ہیں۔ انرجی ضروریات کیلئے 24 ارب ڈالر کے اخراجات کرچکے ہیں۔ گیس اتنی مہنگی ہوچکی کہ ہماری استعداد سے باہر ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سندھ حکومت کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کوئلے کے اتنے بڑے ذخائر کو استعمال نہ کرنا اجتماعی غلطی اور اتنے بڑے خزانے سے فائدہ نہ اٹھانا زیادتی ہوگی۔ تھر کول منصوبہ علاقے کی ترقی و خوشحالی کا منصوبہ ہے۔