اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی میں ملوث ہے جبکہ حریت رہنما یاسین ملک پر مسلسل ظلم و ستم کیا جارہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک پر مسلسل ظلم و ستم کشمیریوں کو ان کی نمائندہ آواز سے محروم کرنے کے منصوبے کا حصہ ہے۔
The continued persecution of Hurriyat leader Yasin Malik by India is part of a plan to deprive Kashmiris of their representative voices. From fabricated cases to sham trial, impunity with which India is violating human rights of political workers should alarm rights defenders.
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) July 22, 2022
ٹوئٹر پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارت من گھڑت مقدمات سے لے کر دھوکہ دہی کے مقدمے تک جس طریقے سے سیاسی کارکنان کے حقوق غصب کر رہا ہے، اس کا انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کو نوٹس لینا ہوگا۔
دریں اثناء اپنے ایک اور ٹوئٹر پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کرنے والی پہلی خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ اور ان کے اہلِ خانہ کو کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں۔
پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ ثمینہ بیگ پاکستانی خواتین کے عزم و ہمت اور بہادری کی علامت بن کر ابھری ہیں۔ انہوں نے ثابت کیا کہ پاکستانی خواتین مردوں سے پیچھے نہیں۔
دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی 'کے 2' سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ اور ان کے اہل خانہ کو کامیابی پر مبارک پیش کرتا ہوں۔ ثمینہ بیگ پاکستانی خواتین کے عزم و ہمت اور بہادری کی علامت بن کر ابھری ہیں۔
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) July 22, 2022
وزیر اعظم نے ثمینہ بیگ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کوہ پیمائی کے صبر آزما کھیل میں مردوں کے شانہ بشانہ ہیں۔ امید ہے ثمینہ بیگ دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم اسی جذبے سے لہراتی رہیں گی۔