اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد ہی سفر کو محفوظ بنا سکتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کلر کہار پر بس حادثے کے نتیجے میں ضائع ہونے والی انسانی جانوں پر دلی طور پر رنجیدہ ہوں۔
بجٹ میں سیلاب متاثرین کیلئے مناسب فنڈز نہیں رکھے گئے۔ بلاول بھٹو
ٹوئٹر پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ سالٹ رینج پر مسلسل حادثات پریشان کن ہیں۔ موٹر وے حکام اس امر کو یقینی بنائیں کہ موٹر وے پر چلنے والی گاڑیاں سفر کے قابل ہوں اور ڈرائیور تمام معیارات پر پورے اتریں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کرکے ہی سفر کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔ میری ہمدردیاں اور دعائیں ان تمام خاندانوں کے ساتھ ہیں جن کے پیارے دردناک حادثے میں بچھڑ گئے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل موٹر وے پولیس نے کلر کہار کے قریب بس اور کار کے تصادم کا مقدمہ درج کر لیا۔ واقعے کی خوفناک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
گزشتہ روز کلر کہار کے قریب بس حادثے میں 12 افراد جاں بحق جبکہ 24 زخمی ہوگئے تھے۔ واقعے کا مقدمہ موٹر وے پولیس کی مدعیت میں درج کر لیا گیا۔