اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک کی سیاسی صورتحال پر مشاورت کیلئے اتحادی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کا اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے آج بدھ کے روز اتحادیوں کا اجلاس طلب کیا جس میں تمام اتحادی جماعتوں سے نمائندے شریک ہوں گے۔ ملک کی سیاسی صورتحال پر گفت و شنید کی جائے گی۔
وزیر اعظم سے سراج الحق کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اتحادیوں کا اجلاس آج دوپہر 12 بج کر 30 منٹ پر وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر غور کے ساتھ ساتھ آئندہ کی حکمتِ عملی بھی زیرِ غور آئے گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آج سے 11 روز قبل وزیراعظم میاں شہباز شریف سے سراج الحق نے تین رکنی وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر برائے اکنامک افیئرز ڈویژن سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیر برائے ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق بھی شریک تھے۔
جماعتِ اسلامی ذرائع کے مطابق امیر جماعتِ اسلامی سراج الحق کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات ملک میں جاری سیاسی بحران میں کمی لانے کیلئے کاوشوں کا آغاز تھی۔