بھوپال: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے مسلمانوں سے جھوٹی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں کیلئے ووٹ بینک کے بھوکے لوگ جیسے غیر اخلاقی الفاظ کا استعمال کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں آئندہ برس لوک سبھا انتخابات ہونے والے ہیں جبکہ رواں برس ہی بھارتی ریاست مدھیہ پردیش سمیت 5ریاستوں میں اسمبلی انتخابات بھی ہیں جن میں بی جے پی حصہ لینے والی ہے جس سے قبل انتخابی مہم چلائی جارہی ہے۔
حرمین شریفین میں لاکھوں افراد کی حاضری، نمازِ عید ادا کردی گئی
مسلمانوں سے ڈھکے چھپے الفاظ میں بی جے پی جیسی مسلم دشمن جماعت کیلئے ووٹ کی اپیل کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ مصر، انڈونیشیا، پاکستان، قطر، اردن اور شام میں 3 طلاق ختم ہوگئی، بھارتی مسلمانوں کو بھی سمجھنا ہوگا، انہیں کون بھڑکا رہا ہے۔
ملک بھر میں بی جے پی کے 3ہزار بوتھ کارکنان سے خطاب کے دوران بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ بھارت کا آئین شہریوں کے حقوق کو مساوی قرار دیتا ہے۔ (اپوزیشن کے) لوگ ہم پر الزام لگاتے ہیں لیکن یہی لوگ مسلمان مسلمان کرتے ہیں۔
بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ اگر یہ لوگ مسلم دوست ہوتے تو مسلمان تعلیم میں پیچھے نہ رہتے۔ سپریم کورٹ کہتی ہے کہ کامن سول کوڈ لاؤ، لیکن ووٹ بینک کے بھوکے لوگ پسماندہ مسلمانوں کے بارے میں کچھ نہیں کہتے جن کی زندگی دکھ میں بسر ہوتی ہے۔