لاہور:وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ راوی ریور جیسے منصوبے عزم سے بنتے ہیں ، یہ پاکستان کے مستقبل کے لئے اہم منصوبہ ہے ،ہمیں پہلے دن سے معلوم تھاکہ یہ انتہائی مشکل منصوبہ ہے اگر یہ منصوبہ مشکل نہ ہوتا تو پرویز مشرف کے دور میں بن جاتا یا اس کے بعد پنجاب اسپیڈ شہباز شریف نے بنا لینا تھا لیکن وہ نہیں بناسکے ،اس منصوبے سے ہماری معیشت میں 40ارب ڈالر شامل ہوں گے اور اس 10لاکھ لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے رکھ جھوک جنگل شیخوپورہ میں سمارٹ فاریسٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے شیخوپورہ کے رکھ جھوک جنگل میں پودا لگا کر پاکستان کے پہلے اسمارٹ جنگل کا افتتاح کیا۔
رکھ جھوک جنگل راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا ایک اہم منصوبہ 24000 کنال اراضی پر محیط ہے۔یہ پاکستان کا پہلا اسمارٹ جنگل ہوگا جو اسمارٹ سینسرز اور نگرانی کے نظام سے لیس ہو گا۔ اس موقع پر ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنی ہواوے کو اس منصوبے کااسمارٹ شراکت دار بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کئے گئے ۔
وزیر اعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میںوزیر اعلیٰ پنجاب، ان کی ٹیم اور ساری ایڈ منسٹریشن کو اور خاص طور پر عمران امین کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں کیونکہ یہ پاکستان کی تاریخ کا ایک بہت بڑا منصوبہ ہے، ہم اس راستے پر نکلے ہوئے ہیں اوروہ کام کرنے جارہے ہیں جسے انشااللہ سیاستدان اورایڈ منسٹریٹر زبھی دیکھیں گے ،یہ ممکن ہے کہ آپ ایک نیا ماڈرن شہر بھی بنا سکتے ہیں۔
سب سے بڑی بات یہ ہے کہ ہم نے اپنی آنے والی نسلوں کے لئے جو شجر کاری کا آغاز کیا ہے آپ ان کو بتا سکتے ہیں کہ اگر ہم نے اپنی نسلوں کے لئے بہتر پاکستان چھوڑنا ہے تو اس کے لئے بہت ضروری ہے کہ ساری قوم مل کر اپنے اللہ کے سامنے یہ عہد کر لیں کہ ہم نے اپنے ملک کو سر سبز ا کرنا ہے ،جو اللہ تعالیٰ نے ہمیں اتنی زیادہ نعمتیں بخشی ہیں ہم ان نعمتوں کا شکر ان کا دھیان رکھ کرکر سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں:ٹی ٹی پی کو پاکستان میں دہشت گردی کی اجازت نہیں دیں گے، شیخ رشید