پاکستان تحریکِ انصاف کراچی ڈویژن کے صدر خرم شیر زمان نے اعلان کیا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان رواں ہفتے کے آخر میں کراچی کا دورہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق شرجیل گوپلانی کی قیادت میں آل سٹی تاجر اتحاد کے رہنماؤں کے وفد کی پی ٹی آئی رہنماؤں سے پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔تاجر برادری کے وفد میں شاہد حسین،احمد شمسی، دلشاد بخاری، حسیب اخلاق، زبیر علی خان اور دیگر شامل تھے۔
ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا کہ ہم کراچی کے بیٹے ہیں اور کراچی کی نمائندگی کررہے ہیں۔کراچی پورے ملک کو چلا رہا ہے۔
صدر پی ٹی آئی کراچی خرم شیر زمان نے کہا کہ تاجروں نے اب سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع کردیے ہیں۔وزیر اعظم دیہاڑی دار طبقے اور تاجروں کا سوچ رہے ہیں لیکن سندھ میں ایک ہٹ دھرمی قائم ہے۔آج تاجروں نے ہمیں اپنے مطالبات پیش کیے ہیں۔
رکنِ سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا کہ ہم وزیر اعظم عمران خان تک کراچی کے تاجروں کی آواز پہنچائیں گے۔ سندھ حکومت کی ہٹ دھرمی تاجر برادری کیلئے مشکلات پیدا کر رہی ہے جبکہ شہرِ قائد کا گلا دبوچا جارہا ہے۔
اس موقعے پر پی ٹی آئی کراچی کے سینئر نائب صدر محمود مولوی، جنرل سیکریٹری سعید آفریدی، سیکریٹری اطلاعات جمال صدیقی، نائب صدر کیپٹن (ر) رضوان، رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی، صدر پی ٹی آئی کراچی کے مشیر عمران صدیقی، توقیر احمد اور دیگر موجود تھے۔
پی ٹی آئی کراچی کے صدر نے کہا کہ وزیراعظم اسی ہفتے کے آخر میں کراچی پہنچ رہے ہیں۔ان حالات میں ہم اپنی بزنس کمیونٹی کو سپورٹ کریں گے۔سارا غریب طبقہ تاجر برادری سے جڑا ہوا ہے۔بل گیٹس نے بھی وزیر اعظم کے احساس پروگرام کو سراہا ہے۔
ایم پی اے خرم شیر زمان نے کہا کہ وزیر اعظم سے تاجروں کی ملاقات ممکن ہے۔ابھی تک سندھ حکومت صرف ایس او پیز بنانے میں مصروف ہے۔اگر صوبائی وزراء اور مشیر ناکام ہوچکے ہیں تو تاجر برادری اور ہم مدد کے لیے تیار ہیں۔
پاکستان تحریکِ انصاف کراچی کے صدر نے کہا کہ اگر تاجر کچھ روز میں کاروبار کھولیں گے تو ہم ان کے ساتھ ہونگے۔اگر ان کی گرفتاری ہوئی تو پہلے ایف آئی آر ہمارے خلاف ہوگی۔سندھ حکومت کا لاک ڈاؤن صرف سیاسی لاک ڈاؤن ہے۔
ڈاکٹر فرقان کی وفات کے حوالے سے خرم شیر زمان نے کہا کہ ڈاکٹر فرقان جیسے لوگ سندھ حکومت کی نااہلی سے شہید ہوگئے۔اگر ایس او پی نہیں بنائی گئی تو ہم خود ایس او پی بنائیں گے۔سندھ حکومت تو صرف نوٹیفکیشن پر چل رہی ہے۔
تحریکِ انصاف کراچی کے صدر نے کہا کہ تمام ایسوسی ایشنز کو یقین دلاتے ہیں تحریک انصاف ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ہمیں اس وقت کراچی کو بچانے کی ضرورت ہے۔بلاول زرداری سن لیں ہمیں یہ سیاسی لاک ڈاؤن قبول نہیں۔سعید غنی اور وزراء بلاول اور مراد علی شاہ کے چمچے ہیں۔
خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ سندھ حکومت 8تاریخ تک ہر صورت کاروباری ایس او پیز کا اعلان کرے۔9تاریخ کو کاروباری رہنماؤں کی اپنی ایس او پیز پر ہم ان کے ساتھ کھڑے ہونگے۔
پریس کانفرنس میں تاجر رہنما شرجیل گوپلانی نے کہا کہ ہم ایک امید کے سہارے جی رہے ہیں۔ہم ایک ماہ سے چیخ رہے ہیں۔ہم نے سندھ حکومت کے حکم پر کاروبار بند کردیا جبکہ ہماری فیملیز ڈیڑھ ماہ سے پابند سلاسل ہیں۔
تاجر رہنما شرجیل گوپلانی نے کہا کہ سندھ حکومت اس وباء پر قابو نہیں پا سکتی۔15 تاریخ ہماری آخری ڈیڈلائن ہے پھر ہم کاروبار کھولیں گے۔ہم حکومتی ایس او پی کی تقلید کے لیے تیار ہیں۔ہمارے دکانداروں کو اٹھایا گیا اور آج ہم وزیراعظم کے دروازے پر آئے ہیں۔
شرجیل گوپلانی نے کہا کہ ہم نے آج اپنا پیغام وزیراعظم تک پہنچا دیا ہے۔اس وقت ہمارے گھروں میں فاقے ہو رہے ہیں، اس کے باوجود ہم سندھ حکومت سے تعاون کریں گے۔15 تاریخ کے بعد ہمارے پاس کوئی آپشن نہیں ہوگا۔