اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان آج پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس کی صدارت کریں گے جس کے دوران ملک کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے آج پیر کے روز کور کمیٹی اجلاس طلب کرلیا جس میں تحریکِ انصاف کی سینئر مرکزی قیادت شریک ہوگی۔ اجلاس وزیر اعظم ہاؤس میں منعقد ہوگا۔ وزیر اعظم کور کمیٹی اراکین کو سیاسی حکمتِ عملی پر اعتماد میں لیں گے۔
ماضی میں حکومتیں گرانے کے لیے چوری کے پیسے سے ضمیر خریدا گیا، وزیر اعظم
قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریکِ انصاف کی سینئر قیادت کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وزیر اعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد ناکام بنانے کیلئے حکمتِ عملی طے کی گئی۔ شرکائے اجلاس کو اپوزیشن کے خلاف بریفنگ بھی دی گئی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کا مستقبل ہیں، ماضی میں حکومتیں گرانے کے لیے چوری کے پیسے سے ضمیر خریدا گیا، ریاست گرانے کے لیے لوگوں کے ضمیر خریدنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
حافظ آباد میں گزشتہ روز جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کرپٹ افراد کے خلاف آواز اٹھانا عدلیہ اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، جب قوم ظلم اور کرپشن کے خلاف کھڑی نہ ہو تو یہ بڑھ جائے گی۔