ٹرین حادثہ، وزیرِ اعظم عمران خان کا ریلوے کے حفاظتی اقدامات پر تحقیقات کا حکم

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

ٹرین حادثہ، وزیرِ اعظم عمران خان کا ریلوے لائنز میں نقائص پر تحقیقات کا حکم
ٹرین حادثہ، وزیرِ اعظم عمران خان کا ریلوے لائنز میں نقائص پر تحقیقات کا حکم

اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے ڈہرکی ٹرین حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریلوے کے حفاظتی اقدامات پر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ مجھے گھوٹکی کے مقام پر صبح کے وقت ہونے والے خوفناک ٹرین حادثے سے بے حد افسوس ہوا ہے جس کے نتیجے میں 30 مسافر جاں بحق ہو گئے۔

پیغام میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ میں نے وزیرِ ریلوے کو  زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے اور جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ کو معاونت فراہم کرنے کیلئے جائے حادثہ پر پہنچنے کی ہدایت اور ریلوے کے حفاظتی اقدامات پر تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ 

وفاقی وزیرِ انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ آج صبح گھوٹکی میں خوفناک ٹرین حادثہ ہوا۔ ریلوے کا پورا نظام حفاظتی اقدامات اور مرمتی ضروریات کے حوالے سے مکمل بحالی کا متقاضی ہے۔

وزیرِ انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ وزیرِ اعظم نے ریلوے کے پورے نظام پر تحقیقات کا حکم دیا ہے جسے دسیوں برس سے کراسنگز سے لے کر مواصلاتی خطوط تک مسلسل نظر انداز کیا گیا۔

یاد رہے کہ اِس سے قبل کراچی جانے والی سر سیّد ایکسپریس ملت ایکسپریس سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے  میں 30 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 40 سے 50 زخمی ہوگئے۔

 یہ افسوسناک حادثہ آج صبح ڈہرکی کے قریب پیش آیا۔سر سید ایکسپریس اور ملت ایکسپریس کے مابین تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد بوگیوں میں پھنس گئے۔ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

مزید پڑھیں: سرسید ایکسپریس کا ملت ایکسپریس سے تصادم، 30 سے زائد افراد جاں بحق

Related Posts