اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ نئے دور کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قوم کو قائدِ اعظم محمد علی جناح کے نقشِ قدم پر چلنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق بانئ پاکستان قائدِ اعظم کے 144ویں یومِ پیدائش کے موقعے پر وزیرِ اعظم عمران خان نے قوم کے نام اپنے پیغام میں بابائے قوم کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے قوم کو ہر شعبۂ زندگی میں قائدِ اعظم کے اصولوں کو اپنانے کی ہدایت کی ہے۔
قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ہمیں قائدِ اعظم کے اہم اصولوں اتحاد، ایمان اور نظم کو اپناتے ہوئے اپنے ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے تمام اِن دیکھے چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا۔ آج ہی کے روز قائدِ اعظم محمد علی جناح پیدا ہوئے اور مجھے فخر محسوس ہوتا ہے کہ میں؟ نے آزاد فضا میں آنکھ کھولی۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نےقیامِ پاکستان کیلئے قائدِ اعظم محمد علی جناح جیسے عظیم رہنما کا انتخاب کیا۔ برصغیر کے مسلمانوں کیلئے محمد علی جناح کے ویژن کو پاکستان کی صورت میں ایک نیا رنگ و آہنگ عطا ہوا۔ قائد کی سالگرہ سے زیادہ ہمارے لیے کوئی بات اہم نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کے اہم ترین نمائندے کی حیثیت سے میں اپنے محبوب رہنما قائدِ اعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش کے موقعے پر پاکستان جیسا عظیم ملک دینے کیلئے ان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں جبکہ جدید تاریخ میں بے حد کم لوگ قائدِ اعظم کی طرح شہرت کی بلندیوں کو چھونے کے قابل ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: قائدِ اعظم محمد علی جناح کا 144 واں یومِ پیدائش آج منایا جارہا ہے