کراچی: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان شہرِ قائد کے دورے پر ہیں جس کے دوران ان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پی ٹی آئی سندھ کے رہنماؤں نے ملاقاتیں کی ہیں جن کے دوران روشنیوں کے شہر کراچی کیلئے اہم ہدایات جاری کردی گئیں۔
وزیرِ اعظم عمران خان سے کراچی میں پاکستان تحریکِ انصاف سندھ چیپٹر کے کور کمیٹی ممبران نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیرِ بحری امور سیّد علی حیدر زیدی ، رکنِ قومی اسمبلی آفتاب صدیقی، قائدِ حزبِ اختلاف سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی ، پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اشرف قریشی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران پارٹی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا جبکہ اس موقعے پر وزیرِ اعظم نے گورنر سندھ کو کراچی میں وفاق کے جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔صوبہ سندھ میں پیپلز پارٹی حکومت اور صوبے کی سیاسی صورتحال کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن پر بھی گفتگو ہوئی۔
وفاق کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے وزیرِ اعظم عمران خان نے ہدایات جاری کرتے ہوئے گورنر سندھ اور پی ٹی آئی رہنماؤں کو عوامی فلاحی منصوبوں پر توجہ دینے کی ہدایت بھی کی جبکہ دورۂ کراچی کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان لاڑکانہ جائیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان سندھ کے 2 روزہ دورے پر کراچی پہنچے ، جہاں وہ سندھ کے سیاسی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ متعدد امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
وفاقی وزیر برائے جہاز رانی وبند ر گاہ علی زیدی ، مشیر نجکاری میاں محمد سومرو ، معاون خصوصی ثانیہ نشتر ، معاونِ خصوصی اطلاعات لیفٹیننٹ جنرل (ر)عاصم سلیم باجوہ اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم کا دورہ کراچی، وزیراعلیٰ سندھ ملاقات سے محروم