کراچی: وزیرِ اعظم عمران خان نے آج شہرِ قائد کے مختصر دورے کے بعد اگلے ہفتے اندرونِ سندھ کے دورے کا بھی فیصلہ کر لیا۔ وزیرِ اعظم سندھ میں بارش سے ہونے والی تباہ کاریوں کا جائزہ لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان آج دورۂ کراچی کے دوران بارش سے ہونے والی تباہ کاریوں پر کراچی کیلئے مختلف منصوبوں اور فنڈز جاری کرنے کا اعلان کریں گے۔ خصوصی دورۂ کراچی کے دوران شہرِ قائد کیلئے خصوصی پیکیج کا اعلان بھی متوقع ہے جس کے بعد وزیرِ اعظم اگلے ہفتے اندرونِ سندھ کا دورہ کریں گے۔
دورۂ کراچی کے دوران وزیرِ اعظم شہرِ قائد کے انفراسٹرکچر کو بحال کرنے کیلئے بھی منصوبوں کا اعلان کریں گے، گورنر ہاؤس میں کراچی کے تمام اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ ایم کیو ایم (پاکستان) اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور کراچی اور سندھ کی صورتحال پر وزیرِ اعظم عمران خان ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان ترتیب دے دیا گیا جبکہ اگلے ہفتے وزیرِ اعظم عمران خان نے اندرونِ سندھ کے مختلف شہروں کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اندرونِ سندھ کے دوروں کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان صوبے کے مختلف شہروں میں بارش اور سیلابی صورتحال سے انفراسٹرکچر کی تباہی، عوام کی بدحالی اور پریشانی سمیت مختلف مسائل کا جائزہ لیں گے۔ اس دوران وفاقی حکومت کی طرف سے عوام کیلئے ریلیف کے اعلانات بھی متوقع ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کہتے ہیں ڈوبتا کراچی نہیں چاہئے، گورنر سندھ