اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے کامیاب جوان پروگرام کا دوسرا مرحلہ فوری طور پر شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کامیاب جوان پروگرام کے دوسرے مرحلے کو فوری طور پر شروع کرنے کی منظوری وزیرِ اعظم کی معاونِ خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار سے ملاقات کے بعد دی گئی۔
فیصلے کے تحت وزیرِ اعظم کے احکامات پر وفاقی حکومت نے کامیاب جوان کے دوسرے مرحلے کیلئے 25 ارب روپے جاری کردئیے ہیں جس کا مراسلہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تمام بینکس کو جاری کردیا ہے۔
کامیاب جوان پروگرام کے دوسرے مرحلے کے دوران پہلے مرحلے کے مقابلے میں شرحِ سود میں زبردست کمی کردی گئی ہے۔ مارک اَپ کو 6 فیصد سے کم کرکے 3 فیصد تک لایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے ملک بھر کے نوجوانوں کیلئے اہم فیصلہ کرتے ہوئے کامیاب جوان پروگرام میں دئیے جانے والے قرض کی حد 50 لاکھ سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے کردی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ ماہ وزیرِ اعظم سے مشیرِ خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ اور معاونِ خصوصی عثمان ڈار نے ملاقات کی جس کے دوران وزیرِ اعظم نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت دی جانے والی رقم بڑھانے کی منظوری دے دی جس کے تحت نوجوان 2 کروڑ 50 لاکھ تک کی رقم حاصل کرسکیں گے۔
مزید پڑھیں: کامیاب جوان قرض کی حد 50 لاکھ سے بڑھ کر ڈھائی کروڑہو گئی