اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ملک گیر مون سون شجرکاری مہم کا افتتاح کردیا ہے جس کا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے آج اسلام آباد کے سیکٹر ایف 9 میں واقع فاطمہ جناح پارک میں پودا لگا کر ملک گیر شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔
اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرا عظم عمران خان نے کہا کہ ہم برسات میں شجرکاری مہم کا آغاز کر رہے ہیں۔ ہر پاکستانی اگر ایک درخت لگا دے تو انقلاب آجائے گا۔
گفتگو کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارے ملک میں اس سے قبل درخت لگانے پر کسی نے توجہ نہیں دی۔ میری خواہش ہے کہ ہر پاکستانی شجرکاری مہم میں حصہ لے۔
درخت لگانے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ آلودگی کے خاتمے کیلئے شجرکاری بہت ضروری ہے۔ ہمیں آنے والی نسلوں کیلئے ایک بہترین پاکستان چھوڑ کر جانا ہے۔
شجرکاری کے فوائد سے متعلق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ درخت آلودگی کو بڑھنے سے روکتے ہیں۔ ہم نے نئے درخت لگانے کی بجائے انگریزوں کے لگائے ہوئے جنگلات بھی ختم کردئیے۔
ملک گیر مون سون شجرکاری مہم کا مقصد عوام کی توجہ زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر اپنے ملک کو ماحولیاتی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار کرنے کی طرف دلانا ہے۔
ٹین بلین ٹری سونامی مہم کے تحت ملک گیر شجر کاری وزیر اعظم عمران خان کا احسن اقدام ہے جس کیلئے معاونت وزارتِ موسمیاتی تبدیلی سے حاصل کی گئی ہے۔
آئندہ چند ہفتوں میں کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اسلام آباد بھر میں 5 لاکھ کے قریب درخت لگانے کا فیصلہ کرچکی ہے جو بلین ٹری سونامی مہم کا حصہ ہوگا۔
گزشتہ 2 دہائیوں کے دوران وفاقی دارالحکومت میں درختوں کی تعداد میں تیزی سے کمی آئی۔ حکومت کلین اینڈ گرین پاکستان اقدام کے تحت اسلام آباد کو سرسبزوشاداب بنانے کیلئے پرعزم ہے۔
ہفتے کے روز بھی وزیر اعظم عمران خان نے قوم کو ترغیب دی کہ مون سون شجرکاری مہم میں حصہ لے کر اپنے وطن کو سرسبزوشاداب بنانے کیلئے حکومت کا ساتھ دیں۔
نتھیاگلی میں پائن کا پودا لگانے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ پوری پاکستانی قوم پاکستان کو سرسبزوشاداب بنانے کیلئے آگے آئے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ نوجوان تاریخ کی سب سے بڑی شجر کاری مہم میں بھرپور حصہ لینے کے لیے تیار رہیں۔
وزیراعظم نے گزشتہ ماہ اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ملک کو سرسبز بنانے کے لیے ہمیں بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔بنی گالہ کے نوجوانوں کیلئے کرکٹ گراؤنڈ تیار کروا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: نوجوان سب سے بڑ ی شجرکاری مہم میں حصہ لینے کے لیے تیار رہیں، وزیراعظم