اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے اتحادی سیاسی جماعتوں کو مزید وزارتیں دے کر وفاقی کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم نے اتحادی جماعتوں بلوچستان عوامی پارٹی(بی اے پی) اور متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کو مزید وزارتیں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ بی اے پی کو 2 جبکہ متحدہ کو 1وفاقی وزارت ملنے کا امکان ہے۔
میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی سے 2 جبکہ متحدہ سے 1 سیاسی رہنما کو وزیرِ مملکت بنایا جائے گا۔ سینیٹر کہدہ بابر، سردار اسرار ترین اور سرفراز بگٹی بی اے پی سے جبکہ فیصل سبزواری ایم کیو ایم سے مضبوط امیدوار ہیں۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان نے اہم فیصلہ کر لیا، وفاقی کابینہ میں آئندہ چند روز میں ردوبدل کا امکان ہے جس کے تحت ممکنہ طور پر وزارتِ اطلاعات کا قلمدان شبلی فراز سے واپس لے لیا جائے گا۔
میڈیا ذرائع کا 2 روز قبل کہنا تھا کہ آئندہ چند روز میں وزارتِ اطلاعات سمیت وفاقی کابینہ میں دیگر اہم قلمدان بھی نئے چہروں کو دئیے جانے کا امکان ہے۔ وفاقی کابینہ میں نئے سینیٹرز کی شمولیت متوقع ہے۔
مزید پڑھیں: وزیرِ اعظم کا اہم فیصلہ، وفاقی کابینہ میں آئندہ چند روز میں ردوبدل کا امکان