سیالکوٹ سانحے پر بریفنگ، وزیر اعظم وفاقی کابینہ اجلاس کی صدارت آج کرینگے

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

سیالکوٹ سانحے پر بریفنگ، وزیر اعظم وفاقی کابینہ اجلاس کی صدارت آج کرینگے
سیالکوٹ سانحے پر بریفنگ، وزیر اعظم وفاقی کابینہ اجلاس کی صدارت آج کرینگے

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا جس میں سیالکوٹ سانحے پر بریفنگ دی جائے گی۔ سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کو مشتعل ہجوم نے نفرت کی بھینٹ چڑھا دیا جس پر پوری قوم سوگوار ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان وفاقی کابینہ اجلاس کی صدارت کریں گے جس کے دوران ملک کی سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزارتِ داخلہ حکام سیالکوٹ سانحے پر بریفنگ دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:

آئی جی اسلام آباد کے بعد وزیر داخلہ کا قلمدان بھی تبدیل کئے جانے کا امکان

سیالکوٹ جیسے واقعات کو برداشت نہیں کیا جائے گا، سیاسی و عسکری قیادت

وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سیالکوٹ سانحے کے ذمہ دار ملزمان کے خلاف کارروائی میں پیشرفت سے آگہی دی جائے گی۔ کابینہ اراکین سیالکوٹ واقعے کے ملزمان کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کیلئے اپنی رائے سے آگاہ کریں گے۔

وفاقی کابینہ اراکین کو سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کو بچانے کی آخر تک کوشش کرنے والے ملک عدنان کی جرات و بہادری سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے لانگ مارچ اور ملک گیر احتجاج پر لائحہ عمل پر بات چیت ہوگی۔

مجموعی طور پر وفاقی کابینہ اجلاس میں 17 نکاتی ایجنڈا زیرِ غور آئے گا۔ کابینہ اراکین کو ملک کے معاشی اشاریوں پر ہفتہ وار بریفنگ دی جائے گی۔ وزارتوں اور اداروں میں سی ای اوز اور ایم ڈیز کی خالی اسامیوں پر تقرری کے فیصلے ہوں گے۔

افغان باشندوں کو تیسرے ملک جانے کیلئے پاکستان سے زمینی و فضائی راستہ دینا، عالمی این جی اوز کیلئے ویزے کی طریقہ کار کی منظوری، گیپکو اور ٹیسکو کے سی ای اوز کی تعیناتی کی توثیق بھی وفاقی کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ 

Related Posts