اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے بارش سے متاثرہ کراچی کے کل کے دورے کو مصروفیات کے باعث ملتوی کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ اطلاعات شبلی فراز نے اعلان کیا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان جمعے کے روز کراچی آئیں گے جس کے دوران کراچی کے حوالے سے مختلف پیکیجز اور اہم اعلانات متوقع تھے۔
وزیرِ اعظم عمران خان کو مصروفیات کے باعث دورۂ کراچی ملتوی کرنا پڑا جس کی تاریخ کا اعلان تحریکِ انصاف کی وفاقی حکومت کی طرف سے جلد کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے سندھ حکومت کے ساتھ مل کر کراچی کے 3 اہم مسائل حل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کا درد پورا پاکستان محسوس کر رہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر رواں ہفتے اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ پوری قوم وہ درد برداشت کر رہی ہے جس سے آج کراچی کے عوام گزر رہے ہیں، تاہم اِس محرومی اور پریشان حالی کے دوران ایک اہم پیش رفت بھی ہوئی۔
مزید پڑھیں: کراچی کا درد پورا پاکستان محسوس کر رہا ہے۔وزیرِ اعظم