راولپنڈی: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ احساس پروگرام کسی پر احسان نہیں ہے جبکہ وفاقی حکومت مستحقین کی امداد کرتی رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں احساس پروگرام کے دوسرے مرحلے کے دوران تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ملک کے غریب اور نادار لوگوں کو ہیلتھ کارڈ کی سہولت دی جائے گی۔ گھروں کی تعمیر کیلئے بلا سود قرضے بھی دئیے جائیں گے۔
گفتگو کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے پر کام شروع ہوچکا ہے۔ کمزور طبقے کی مالی مدد حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ سندھ میں ہماری حکومت نہیں ہے جہاں غربت زیادہ ہے۔ ہم نے سندھ میں بھی مستحق لوگوں کے بارے میں سوچا اور انہیں سہولیات دیں۔
احساس پروگرام کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ 30 ہزار غیر مستحق افراد کو اسکیم سے نکالا جاچکا ہے۔ اب کوئی نہیں کہہ سکتا کہ احساس پروگرام میں رقم کی تقسیم غیر منصفانہ طور پر ہوئی۔ فنڈز کی تقسیم منصفانہ انداز میں جاری ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ اگر اپوزیشن رہنماؤں نے سینیٹ الیکشن اور اوپن بیلٹ پر میری بات نہ مانی تو روئیں گے۔
میڈیا نمائندگان سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے 2018ء سینیٹ انتخابات سے متعلق اسکینڈل کی ویڈیو پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ ویڈیو کی ٹائمنگ پر نہیں بلکہ ووٹ بکنے پر سوال ہونا چاہئے۔
مزید پڑھیں: سینیٹ الیکشن پر میری بات نہ مانی تو اپوزیشن رہنما روئیں گے۔وزیرِ اعظم