اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان 20 نکاتی ایجنڈے پر غور کیلئے وفاقی کابینہ اجلاس کی صدارت آج کریں گے جس میں قومی و معاشی نوعیت کے معاملات پر گفت و شنید اور اہم فیصلے ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت آج ہونے والے وفاقی کابینہ اجلاس میں 20 نکاتی ایجنڈا زیرِ غور آئے گا اور قومی سائبر سیکیورٹی پالیسی پیش کی جائے گی۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں ایف آئی اے کے جرائم شیڈول میں نئے قوانین شامل کرنے کی منظوری دی جائے گی۔
وفاقی کابینہ اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے (کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی) تجاوزات کے خاتمے سے متعلق رپورٹ پیش کریں گے۔ کابینہ 2 ملزمان کو عرب امارات کے حوالے کرنے کی منظوری دے گی۔
کابینہ اجلاس کے دوران قومی ایڈورٹائزنگ پالیسی 2021 اور کورنگی فشنگ ہاربر اتھارٹی کے ایم ڈی کی تعیناتی کی منظوری بھی دی جائے گی۔
ہائیڈرو کاربن ڈویلپمنٹ انسٹیٹیوٹ بورڈ اراکین کی تعیناتی بھی وفاقی کابینہ اجلاس کے 20 نکاتی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ ای سی سی اور کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے فیصلوں کی توثیق بھی کی جائے گی۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل ق لیگ کے مرکزی رہنما و اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی وفاقی کابینہ میں شامل ہوگئے جنہیں پی ٹی آئی حکومت نے آبی وسائل کا قلمدان سونپ دیا۔
رواں ماہ 14 جولائی کے روز مونس الٰہی کو وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مقرر کردیا گیا جس کا فیصلہ وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے سامنے آیا۔
مزید پڑھیں: مونس الٰہی وفاقی کابینہ میں شامل، آبی وسائل کا قلمدان سونپ دیا گیا
قبل ازیں وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں قومی اہمیت کے حامل 22 نکاتی ایجنڈے پر غور و خوض اور فیصلے کیے گئے۔ ای او بی آئی کے چیئرمین کی کنٹریکٹ پر تعیناتی مؤخر کردی گئی۔
رواں ماہ کے آغاز میں 5 جولائی کو وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا ، جس میں 22نکاتی ایجنڈے پر بحث کی گئی ، متعدد محکموں کے سربراہان کی تقرریوں کی منظوری دی گئی اور دیگر اہم فیصلے کیے گئے۔
مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ نے ای او بی آئی کے چیئرمین کی کنٹریکٹ پر تعیناتی مؤخر کردی