اسلام آباد:وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان آج 16 نکاتی ایجنڈے پر غور کیلئے وفاقی کابینہ اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں حالیہ سینیٹ انتخابات اور اپوزیشن کے لانگ مارچ اور استعفوں کے خلاف سرکاری حکمتِ عملی کا جائزہ لیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس میں ملک کی معاشی و اقتصادی اور سیاسی صورتحال زیرِ غور آئے گی۔ نیشنل بک فاؤنڈیشن کے ایم ڈی کی تقرری کی منظوری بھی دی جائے گی۔
وفاقی کابینہ اجلاس میں ممنوعہ ہتھیاروں کیلئے لائسنسز کی منظوری پر بھی غور کیا جائے گا۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے چیئرمین کے اضافی چارج اور سندھ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو افسر کے اضافی چارج کی منظوری بھی دی جائے گی۔
وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں گیس ڈویلپمنٹ اسکیمز کے نفاذ کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ رولز آف بزنس 1973ء میں ترمیم کی منظوری بھی متوقع ہے جبکہ ادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق کابینہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔
اس کے علاوہ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی بریفنگ ہوگی۔ سوشل ویلفیئر فنڈ 2021ء کے استعمال کیلئے مرتب کردہ رہنما اصولوں (گائیڈ لائنز) کی منظوری بھی دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرِ اعظم عمران خان نے نوشہرہ میں شجر کاری مہم کا افتتاح کردیا