کراچی:وزیر اعظم عمران خان سے پی ٹی آئی کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کی جمعے کے روز وڈیو لنک پر گفتگو ہوئی۔ ترجمان پی ٹی آئی کراچی کے اعلامیہ کے مطابق خرم شیرزمان نے وزیراعظم کو کراچی سمیت سندھ بھر میں بارشوں کی صورتحال سے آگاہ کیا۔
خرم شیرزمان نے وزیراعظم کو کراچی کا دورہ کرنے کی گزارش کی۔ انہوں نے وزیراعظم سے سندھ کی صورتحال پر فوری رلیف آپریشن کا مطالبہ کیا اور شہر کی موجودہ صورتحال اور برساتی پانی کے نکاسی کے عمل پر بھی بریفنگ دی۔
شہریوں کو پینے کے پانی، ٹرانسپورٹ، کچرہ اور ٹریٹمنٹ پلانٹ کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ اس حوالے سے خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کا سندھ حکومت کی مدد کا فیصلہ قابل تحسین ہے۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں وزیراعظم کا سندھ کی عوام کا ساتھ دینے پر مشکور ہیں۔ اس وقت سندھ اور خصوصاً شہر کراچی کے لوگ شدید مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں۔
شہر میں ہونے والی بارشوں اور سندھ حکومت کی جانب سے بروقت اقدامات نہ ہونے پر سندھ کے لوگوں نے بہت نقصان اٹھایا ہے۔ بروقت ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے پر پاک فوج اور فلاحی تنظیموں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کراچی کی موجودہ صورتحال کو لے کر بہت فکر مند ہیں۔ وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ وہ جلد سندھ کا دورہ کریں۔