اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے وزیرِ تعلیم شفقت محمود کو قبائلی اضلاع کے انٹرنیٹ مسائل حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایم ایم نیوز کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے ہوئے وزیراعظم پاکستان خان عمران خان نے وزیر تعلیم شفقت محمود کو قبائلی اضلاع سمیت ملک بھر کے طلباء کے انٹرنیٹ کے مسائل حل کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ گزشتہ ہفتے سے ایم ایم نیوز نے قبائلی اضلاع سمیت ملک بھر کے طلبہ کے مسائل کو اجاگر کیا۔
ایم ایم نیوز کی خبر کے تناظر میں وزیراعظم پاکستان عمران خان نے انٹرنیٹ سروس نہ ہونے کی وجہ سے آن لائن کلاسز لینے میں طلبہ کو درپیش مسائل کا نوٹس لے لیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ موجودہ حالات میں مختلف ذرائع سے تدریسی عمل تک آسان رسائی کے لئے انٹرنیٹ تک رسائی یقینی بنائی جائے۔
خبر کے تناظر میں وزیرِ اعظم نے انٹرنیٹ کی فراہمی کیلئے موجودہ وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی جبکہ وزیر تعلیم شفقت محمود نے اس ضمن میں انٹرنیٹ کے مسائل اور ان کے ممکنہ حل کے لیے اگلے ہفتے اہم اجلاس طلب کرلیا ہے جبکہ طلباء انٹرنیٹ کی سہولت نہ ہونے پر آن لائن کلاسز سے محروم ہیں۔
قبائلی اضلاع کے طلباء کے ترجمان سید محمد کاظمی نے بتایا کہ ہمارے اضلاع میں تھری جی اور فور جی انٹرنیٹ کی سہولت بالکل موجود نہیں۔ جب سے ایچ ۔ای ۔سی نے آن لائن کلاسز کا انعقاد شروع کیا ہے ہمارے ہاں انٹرنیٹ نہ ہونے کی وجہ سے ہم ایک بھی کلاس اٹینڈ نہیں کر سکے۔
ترجمان سیّد محمد کاظمی نے کہا کہ ہم نے مطالبہ کیا تھا کہ انٹرنیٹ نہ ہونے کی وجہ سے ہم اپنے سمسٹر کی تیاری نہیں کرسکے۔ہمیں بھی دیگر اسکولز اورکالجز کی طرح ترویج دی جائے اور ہمارے علاقے میں انٹرنیٹ کی فوری طور پر سہولت دی جائے کیونکہ یہ 30 ہزار طلباء کے مستقبل کا سوال ہے۔
سیّد محمد کاظمی نے کہا کہ ہمارا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے۔16جون کو ہم نے ایچ ای سی کے سامنے پرامن احتجاج کیا تھا۔ ہمیں انٹرنیٹ کی سہولت فوری طور پر مہیا کی جائے کیونکہ اگلا سمیسٹر شروع ہونے والا ہے اور ابھی تک ہمیں انٹرنیٹ کی سہولت نہیں دی گئی۔
انہوں نے ایم ایم نیوز کا بر وقت کوریج کیلئے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے نوٹس لیتے ہوئے اگلے ہفتے وزیر تعلیم شفقت محمود کو اجلاس بلا کر ہمارے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔