اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے نظریے سے پیچھے ہٹتی ہے تو مرجاتی ہے، زرداری 10 پرسنٹ ،نواز شریف مفرورڈاکو،فضل الرحمان دو نمبر آدمی ہے، کئی اراکین کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی پھر بھی آئے، شکریہ ادا کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ آپ سب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، مشکل وقت سے نکلے، پارٹی جب مضبو ط ہوتی ہےتو مشکل وقت سے نکلتی ہے، جب آپ مشکل وقت سے نکلتے ہیں تو اور مضبوط ہوجاتے ہیں، مجھے آپ میں ایک ٹیم نظر آئی، ہماری ٹیم مضبوط ہوتی رہے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہر مشکل وقت میں اتحادیوں نے میرا ساتھ دیا ،اپنے اتحادیوں کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، اللہ نے کہا ہے کہ بڑا انسان بننے کیلئے مشکل وقت کا سامنا کرو، ہماری لیڈرشپ کو پتا ہونا چاہیے کہ پاکستان ایک عظیم خواب تھا۔
انہوں نے کہا ک پاکستان اس لیے نہیں بنا تھا کہ شریف اور زرداری ارب پتی بن جائیں ، علامہ اقبال کا خواب پاکستان کو اسلامی ریاست بنانا تھا، اچھا لگا کہ آپ سب کو سینیٹ الیکشن کے نتائج پر دل سے تکلیف ہوئی ، انشاءاللہ اس سے ہماری ٹیم اور مضبوط ہو گی۔
عمران خان نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں جوہوا اس پر مجھے شرمندگی ہوتی ہے، الیکشن کمیشن کہتاہے کہ بڑا اچھا الیکشن ہوا ، اس سے مجھے اور صدمہ ہوا، اگر یہ اچھا الیکشن ہے تو برا الیکشن کیا ہوتا ہے؟۔
ایک مہینے سے پتا تھا سینیٹ الیکشن کیلئے پیسے اکٹھے کیے جا رہے ہیں ، چڑھے ہوئے قرضے بیماری کی علامات ہیں،قوم کواخلاقی تباہ کیا،کوئی ملک کرپٹ لیڈر شپ کےساتھ خوشحال نہیں رہ سکتا، کہا جاتا ہے ایک زرداری سب پر بھاری، وہ رشوت دیتا اس لیے وہ بھاری ہے؟ ۔
زرداری دنیا بھرمیں10 پرسنٹ سے مشہور ہے،اس پر فلمیں بنی ہوئی ہیں،نواز شریف ملک کو 30 سال سے لوٹ کر ملک سے باہر بھاگاہوا ہے ،فضل الرحمان ہمیشہ سے دو نمبر آدمی ہے ۔