اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان عمران خان آج سوئٹزرلینڈ روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ عالمی اقتصادی فورم (ورلڈ اکنامک فورم) میں شرکت کریں گے۔
ورلڈ اکنامک فورم کا اجلاس 21 سے 24 جنوری تک جاری رہے گا جبکہ فورم میں اقتصادی اور ماحولیاتی معاملات پر گفتگو کی جائے گی۔ وزیر اعظم عمران خان فورم سے خصوصی خطاب بھی کریں گے۔
وزیر اعظم عمران خان آج وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، ذوالفقار بخاری، عبدالرزاق داؤد اور ڈاکٹر معید یوسف کے ہمراہ اسلام آباد سے سوئٹزر لینڈ کے شہر ڈیوس روانہ ہوئے۔
عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کے لیے وزیر اعظم اقتصادی فورم کے بانی پروفیسر کلاوس شواب کی دعوت پر روانہ ہوئے جبکہ فورم کے دوران ”پائیدار و ہم آہنگ دنیا کے اراکین“ کے موضوع پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
فورم کے دوران وزیر اعظم عمران خان کی عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں ہوں گی جبکہ اس دوران معروف بین الاقوامی کاروباری شخصیات سے بھی گفتگو ہوگی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی عالمی اقتصادی فورم میں شرکت شیڈول کی گئی جس کے لیے انتہائی مناسب رقم استعمال کی جائے گی۔
جنوری 2020ء میں منعقد ہونے والے تین روزہ عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کے لیے وزیر اعظم عمران خان کا شیڈول گزشتہ ماہ جاری کیا گیا جبکہ وزیر اعظم کے دورے پر 68 ہزار ڈالر کا خرچ آئے گا۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم کی سوئٹزرلینڈ میں عالمی اقتصادی فورم میں شرکت