اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے ایسٹر کے مذہبی تہوار کے موقعے پر مسیحی برادری کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ گھروں پر رہ کر قومی حفاظتی تدابیر اپنائیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مسیحی برادری کو ایسٹر کے تہوار پر تہنیتی پیغام دیتے ہوئے وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری مسیحی برادری کو ایسٹر کی خوشیاں مبارک ہوں جبکہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے پیشِ نظر آزادانہ نقل و حرکت پر پابندی ہے۔
پیغام میں وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ میری مسیحی برادری سے اپیل ہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے پیشِ نظر گھروں تک محدود رہیں اور خاص طور پر حفاظتی تدابیر پر عمل کریں۔ اپنی اور اپنے اہلِ خانہ کی سلامتی کا اہتمام کریں۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ایسٹر کے مذہبی تہوار کے موقعے پر مسیحی برادری احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے عبادات کرے اور خوشیاں منائے۔ ایسٹر کے تہوار کے موقعے پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتا ہوں۔
ہماری مسیحی برادری کو ایسٹر کی خوشیاں مبارک۔ میری اپیل ہے کہ کرونا کے ہنگام گھروں تک محدود رہئیے اور قومی حفاظتی تدابیر کو بطور خاص اپنا کر اپنے اور اپنے اہل خانہ کی سلامتی کا اہتمام کرتے ہوئے عبادات کیجئے اور خوشیاں منائیے۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) April 12, 2020
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جس کے باعث وطنِ عزیز سمیت دنیا بھر کے متعدد ممالک میں لاک ڈاؤن نافذ ہے جس کے پیشِ نظر مسیحی برادری ایسٹر کا تہوار گھروں میں منانے پر مجبور ہو گئی۔
ایسٹر کے مذہبی تہوار کے موقعے پر مسیحی برادری ہر سال شاہراہِ عراق پر جمع ہو کر سینٹ پیٹرک گرجا گھر کے اطراف میں ہزاروں کی تعداد میں جمع ہو کر دُعائیہ موسیقی کا اہتمام کرتی ہے تاہم لاک ڈاؤن کے باعث مسیحی برادری مذہبی تہوار کی حقیقی خوشی سے محروم نظر آئی۔
مزید پڑھیں: مسیحی برادری ایسٹر کا تہوار گھروں میں منانے پر مجبور ہو گئی