وزیر اعظم پاکستان عمران خان آج برطانیہ سے اسلام آباد آئے ہوئے شاہی جوڑے کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے جبکہ شہزادہ ولیم اور اہلیہ شہزادی کیٹ میڈلٹن آج وزیر اعظم اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقاتیں کریں گے۔
حکومت کی طرف سے جاری کردہ شاہی جوڑے کی مصروفیات کے شیڈول کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا آج صبح 10 بجے اسلام آباد کے سرکاری اسکول کا دورہ کرے گا جہاں ان کی اساتذہ اور طلبہ سے ملاقات ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ کا نیب قوانین اور بے نامی ٹرانزیکشن ایکٹ میں ترامیم کا فیصلہ
سرکاری اسکول دورے کے بعد برطانوی شاہی جوڑا ماحولیات کے حوالے سے وفاقی دارالحکومت میں ماحولیات کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کرے گا جہاں مختلف انہیں فضائی آلودگی اور گرین ہاؤس افیکٹ کے ساتھ ساتھ متعدد ماحولیاتی مسائل اور ان کے تدارک کے لیے اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی سے برطانوی شاہی جوڑے کی ملاقات آج دوپہر 12 بجے ہوگی جہاں سربراہِ مملکت برطانوی مہمانوں کو خوش آمدید کہیں گے اور پاک برطانیہ تعلقات کے حوالے سے خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوگی۔
وزیر اعظم عمران خان سے شاہی جوڑے کی ملاقات دوپہر 1 بجے ہوگی جبکہ وزیر اعظم کے ظہرانے میں شاہی جوڑے کے لیے پاکستانی کھانوں کا پرتکلف اہتمام کیا گیا ہے۔
شیڈول کے مطابق آج شام 6 بجے برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کو شکر پڑیاں ہلز میں واقع تاریخی پاکستان مونومنٹ میوزیم کا دورہ کرایا جائے گا جبکہ رات کے وقت دونوں مہمان برطانوی ہائی کمیشن جائیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ برطانوی شاہی جوڑے کا دورۂ پاکستان بہت اچھا اور خوشگوار رہے گا جبکہ اس حوالے سے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
وزیر خارجہ نے گزشتہ روز میڈیا نمائندگان سے گفتگو کے دوران کہا کہ شاہی جوڑے کا دورۂ پاکستان پاک برطانیہ تعلقات کے حوالے سے بہت خوش آئند ہے۔ جوڑے کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں۔
مزید پڑھیں: برطانوی شاہی جوڑے کا دورۂ پاکستان بہت اچھا رہے گا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی