اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے زندگی کی 68 بہاریں دیکھ لیں جس پر سوشل میڈیا اور ذرائع ابلاغ سے انہیں مبارکباد کے پیغامات دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے 5 اکتوبر 1952ء کو لاہور میں آنکھ کھولی اور 1975ء میں گریجویشن مکمل کی اور سن 1971ء میں 18 سال کی عمر میں انٹرنیشنل کرکٹ شروع کردی۔
سن 1992ء وزیرِ اعظم عمران خان کی عالمی سطح کی کرکٹ کا آخری سال ثابت ہوا جب ان کی قیادت میں پاکستان نے کرکٹ ورلڈ کپ جیت کر تاریخ رقم کردی۔ تحریکِ انصاف کے چیئرمین کی حیثیت سے عمران خان 2018ء میں الیکشن جیت کر وزیرِ اعظم بن گئے۔
وزیرِ اعظم عمران خان مختلف حوالوں سے پاکستان کے ایک منفرد وزیرِ اعظم ہیں۔ وہ پہلے وزیرِ اعظم ہیں جو کرکٹ کے میدان سے کارزارِ سیاست میں وارد ہوئے اور قومی اسمبلی کے رکن بنے۔ وزیرِ اعظم کی حیثیت سے عمران خان کے حالیہ اقدامات دیگر وزرائے اعظم سے مختلف نظر آتے ہیں۔
پاکستان کے اعلیٰ ترین منصب وزارتِ عظمیٰ کو سنبھالنے کے وقت سے لے کر اب تک وزیرِ اعظم عمران خان نے احساس پروگرام اور بلین ٹری سونامی جیسے منصوبے شروع کرکے مستحقین کیلئے مالی امداد اور نوجوانوں کیلئے روزگار شروع کیا جس کی مثال گزشتہ ادوار میں نہیں ملتی۔
یہ بھی پڑھیں: اداکار شان کا تمام مافیاز کے خلاف وزیرِ اعظم کا ساتھ دینے کا عزم