اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے 13 ستمبر کو مظفر آباد میں مسئلہ کشمیر پر بڑا جلسہ کرنے پر پارٹی رہنماؤں سے مشاورت شروع کردی ہے، اس سلسلے میں جلسے کے شیڈول کو بھی حتمی شکل دی جاچکی ہے جس مطابق جمعہ کی نماز کے بعد جلسے کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔
شیڈول کے مطابق جمعے کے روز تین بجے کے بعد وزیر اعظم پاکستان عوام سے خطاب کریں گے اور مسئلہ کشمیر پر اب تک کی صورتحال سے قوم کو آگاہ کریں گے اور بتائیں گے کہ اب تک حکومت نے عالمی محاذ پر کیا کیا کامیابیاں حاصل کی ہیں اور مسئلے کے حل کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل کیا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: بلدیہ فیکٹری میں 259 افراد زندہ جلائے جانے کے سات سال بعد بھی متاثرین کو انصاف نہ مل سکا
اس حوالے سے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے جلسہ گاہ کے انتظامات اور سیکیورٹی کے اہتمام پر بھی بات چیت کی اور طے کیا گیا کہ وزیر اعظم نمازِ جمعہ سے قبل دارالحکومت اسلام آباد سے مظفر آباد کے لیے روانہ ہوں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے 13 ستمبر بروز جمعہ کو مظفر آباد میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک بڑا جلسہ کرنے کا اعلان کردیا اور کہا کہ ہم کشمیریوں کو یقین دلائیں گے کہ پاکستان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم جمعے کے روز مظفر آباد میں اقوام عالم کو یہ پیغام دینے کے لیے جلسہ کریں گے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی فوج نے زبردستی قبضہ کر رکھا ہے۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کا جمعے کے روز مسئلہ کشمیر پر مظفر آباد میں بڑا جلسہ کرنے کا اعلان