اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں بارش کے بعد کی ابتر صورتحال پر نوٹس لیتے ہوئے وفاقی اداروں کو کراچی کے شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیر اعظم عمران خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے وفاقی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ وزیر اعظم نے این ڈی ایم اے اور پاک فوج کے اقدامات کی تعریف کی ہے۔
شہر قائد میں ہونے والی بارش کا پانی تاحال نہ نکالا جا سکا، کئی علاقے زیرآب آگئے۔ بلوچ کالونی کے قریب دادا بھائی ٹاون زیر آب آگیا۔ علاقے میں پانی اتنا کہ مکین محصور ہو گئے۔ رات کو ملیر ندی میں طغیانی سے دادا بھائی بند میں شگاف پڑ گیا تھا، بارش کے پانی کے باعث گزرنے والے پریشان ہیں۔سعدی ٹاؤن کے شہریوں کے لئے بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
کورنگی کازوے ٹریفک کیلئے بدستور بند ہے تاہم بچوں نے پکنک پوائنٹ بنا لیاہے، بچے صبح سویرے ندی میں پہنچ کر ڈبکیاں لگانے لگے۔ نرسری فرنیچر مارکیٹ میں پانی کی نکاسی تو ہوگئی تاہم گزشتہ روز کئی کئی فٹ پانی جمع ہونے سے دکانداروں کو بڑا نقصان اٹھانا پڑا۔ سرجانی ٹاون کے یوسف گوٹھ کی حالت بھی جوں کی توں ہے، علاقہ پانی سے بھرا ہے، لوگ گھروں تک محدود ہیں۔آرمی کی ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
بارش سے شدید متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ آرمی انجینئرز کور کی ہیوی مشینری اور پلانٹس ملیر ندی پر پانی کا بہاؤ روکنے کی کوشش میں مصروف ہے جہاں شگافوں کو پر کیا جا رہا ہے اور لوگوں کو کشتیوں کی مدد سے محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے بھی اقدامات کئے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کوہی گوٹھ اور درمحمد گوٹھ میں بارش کے باعث 200 سے زائد خاندانوں نے گھر کی چھتوں پر پناہ لی، متاثرین میں کھانے پینے کی اشیا بھی تقسیم کی گئیں۔