اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان میٹروپولیٹن کی حیثیت سے کراچی کی اصل شناخت بحال کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں وفاقی وزیرکا کہنا ہے کہ کراچی معاشی طور پر ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور کراچی کے مسائل پورے ملک کے مسائل ہیں۔
شبلی فراز نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے اپنے 12 سالہ طویل دور حکومت میں شہرکے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کردیا ہے۔ہم کراچی کے لوگوں کو سندھ حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے ۔
بعدازاں ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہون نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں قومی مفاد میں اہم فیصلے کررہی ہے جس میں عسکری قیادت کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سول اور فوجی دونوں قیادت ایک صفحے پر ہیں لیکن کچھ غیر جمہوری عناصر اس اتحاد پر ناخوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے ، کراچی کی ترقی ہی ملک کی ترقی کی ضامن ہے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پی ٹی آئی کی زیر قیادت وفاقی حکومت کراچی کے عوام کو ترک نہیں کرے گی۔
مزید پڑھیں:نواز شریف کی صحت، زندگی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، احسن اقبال