بانی پی ٹی آئی کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی درخواست خارج

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

عمران خان
(فوٹو: آن لائن)

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

بلوچستان ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی درخواست خارج کردی ہے۔

چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس ہاشم کاکڑ اور جسٹس شوکت رخشانی کے 2 رکنی بینچ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کیلئے دائر کی گئی درخواست کی سماعت کی۔

درخواست گزار وکیل امان اللہ نے بلوچستان ہائیکورٹ میں حاضر ہو کر سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف دائر کی گئی درخواست پر دلائل دئیے۔ عدالت نے دلائل کی سماعت کے بعد عمران خان کے حق میں فیصلہ سنایا۔

عدالت عالیہ بلوچستان نے عمران خان کے خلاف درخواست کی کارروائی عدالتی دائرۂ اختیار میں نہ ہونے پر خارج کی جبکہ معزز بینچ نے درخواست گزار کو اپنی درخواست مناسب فورم پر پیش کرنے کی ہدایت کی۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں نگران حکومت کے دور میں وزیر قانون رہنے والے وکیل امان اللہ کنرانی نے بلوچستان ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں عدالت کو عمران خان کے خلاف سنگین غداری کی کارروائی کے لیے آرٹیکل 6 لگانے کی استدعا کی تھی۔

حال ہی میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کے خلاف ٹیریان وائٹ کیس میں نااہلی کی درخواست بھی خارج کردی تھی۔ عدالت عالیہ اسلام آباد کے لارجر بینچ نے 2 ججز کے سنائے گئے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے درخواست ناقابلِ سماعت قرار دی تھی۔

Related Posts