اسلام آباد : نجی اور حکومتی لیب میں کورونا وائرس وباء کےمتضاد نتائج کا سلسلہ تاحال نہ تھم سکا ،این ای ایچ لیب کی کورونا وائرس کے حوالے سے رپورٹس اورنجی لیب کی رپورٹس میں تضاد کا ایک اور کیس سامنے آگیا ہے ۔
پمز ہسپتال اسلام آباد میں گزشتہ روز انتقال کرنے والے کینسر کے 38 سالہ مریض مظہر سلیم کی رپورٹس کے مطابق مرنے والا مریض مظہر سلیم کورونا وائرس میں مبتلا تھا لیکن نجی لیب کی رپورٹس کے مطابق مرنے والے مریض کاکورونا وائرس ٹیسٹ منفی آیا ہے ۔
آزاد کشمیر کا رہائشی مظہر سلیم گزشتہ کئی روز سے پمز ہسپتال اسلام آباد میں کینسر کے مرض میں زیرعلاج تھا ،اہل خانہ کا کہنا ہے کہ مریض کو کورونا وائرس آئسولیشن میں رکھا گیا تھا نہ ہی ایسی کوئی اطلاع ہمیں دی گئی کہ آپ کا مریض کورونا وائرس میں مبتلاہے ۔
اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ہمارے مریض کو کینسر تھا اورخون کی 17 بوتلیں لگائی گئی تھیں،مریض مظہر سلیم کی گزشتہ روز موت واقع ہوئی جبکہ پمز ہسپتال انتظامیہ نے ہمارے مریض کو کورونا وائرس کھاتے میں ڈال دیا ہے اور اب میت دینے سے انکار کر دیا ہے۔
مظہر سلیم کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ہم وزیراعظم پاکستان عمران خان اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ اب یہ جعلی کورونا وائرس والا ڈرامہ بند کیا جائے اور میت لواحقین کے حوالے کی جائے۔
مزید پڑھیں: رکن خیبر پختونخواہ اسمبلی میاں جمشید الدین کورونا سے جنگ میں زندگی کی بازی ہار گئے