شارجہ میں ٹی ٹوینٹی سیریز کیلئے موجود پاکستان اور افغانستان کی کرکٹ ٹیموں کی ایک ساتھ با جماعت نماز ادا کرنے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
پاکستان اور افغانستان کی کرکٹ ٹیمیں گزشتہ دن ہی تین ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کیلئے شارجہ پہنچی ہیں۔ جمعرات کو پہلے میچ سے ایک دن قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز نے پریکٹس سیشن کے دوران گراونڈ میں ہی نماز کا وقت آنے پر اکٹھے با جماعت نماز ادا کی۔
دونوں حریف ٹیموں کی اکٹھے باجماعت نماز ادا کرنے کی تصاویر سامنے آنے پر صارفین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ٹیموں کی اس اسپرٹ کو سراہا۔
تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک پاکستانی کھلاڑی نماز کی جماعت کروا رہا ہے، جبکہ اس کے پیچھے دونوں ملکوں کے کھلاڑی اور آفیشلز صف باندھے کھڑے ہیں۔
شارجہ کرکٹ گراؤنڈ کی ان تصاویر کو سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے بہت پسند کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان ایشیا کپ کے میچ میں افغان کھلاڑیوں کے پاکستانی کھلاڑیوں کے خلاف جارحانہ رویے کے بعد سے دونوں ٹیموں کے میچ کی فضا کشیدہ رہتی ہے۔ ایشیا کپ کے اس میچ میں پاکستان کے ہاتھوں افغانستان کو آخری لمحات میں شکست ہوئی تھی، جس کے بعد افغان تماشائیوں نے پاکستانیوں پر حملے کیے تھے۔