پاکستان کے شہر شہر میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار آگئی، ملک کا 76واں جشنِ آزادی آج منایا جارہا ہے جس میں حبّ الوطنی اور قومی وحدت کے جذبات عروج پر ہیں۔
آج سے 76سال قبل 1947 میں 14اگست کے روز مسلمانانِ برصغیر پاک و ہند نے انگریز سامراج اور ہندوؤں سے آزادی حاصل کرکے اپنے الگ وطن میں پہلی بار سانس لی جس کیلئے قوم قائدِ اعظم محمدعلی جناح کی شکر گزار ہے۔
ہوائی کے جنگلات میں خوفناک آگ، تصویری جھلکیاں
قائدِ اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں ان کے فرمودات پر عمل اور شاعرِ مشرق کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرتے ہوئے قوم نے آزادی جیسی عظیم نعمت حاصل کی اور آج اپنے وطن سے تجدیدِ عہدِ وفا کی جارہی ہے۔

یومِ آزادئ پاکستان کے موقعے پر سندھ اسمبلی سمیت ملک کی اہم سرکاری عمارات کو برقی قمقموں سے سجایا گیا۔

کراچی پورٹ ٹرسٹ کی عمارت کو بھی جشنِ آزادی کے موقعے پر خوبصورت قمقموں سے سجایا گیا جس میں قومی پرچم کا عکس جھلکتا ہے۔

سی سی پی او کی عمارت کو بھی یومِ آزادی کے موقعے پر روشنیوں سے معمور کردیا گیا جو اپنے اردگرد موجود دیگر عمارات سے الگ اور منفرد نظر آنے لگی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی کراچی میں واقع عمارت کو بھی سبز و سفید لائٹس سے سجایا گیا جو اندھیرے میں انتہائی باوقار نظر آتی ہے۔

نیشنل بینک آف پاکستان کی بلڈنگ کو بھی پاکستان کے جشنِ آزادی کے موقعے پر خوبصورت روشنیوں سے منور کیاگیا ہے۔

جشنِ آزادی کے موقعے پر پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں رات گئے ملٹری پریڈ منعقد کی گئی جس میں بڑی تعداد میں فرزندانِ وطن نے شرکت کی۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں منعقد ہونے والی تقریب میں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

پاک فوج کے مختلف جوانوں نے ملٹری پریڈ کے دوران پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جس کے دوران حاضرینِ محفل نے تالیاں بجا کر جوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں آزادی فیسٹیول 2023 کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس کے دوران حاضرینِ محفل نے ملی جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا۔

معروف گلوکار عبدالوہاب بگٹی نے آرٹس کونسل آف پاکستان میں آزادی فیسٹیول 2023 کے دوران ملی گیت گا کر شائقینِ محفل سے خوب داد سمیٹی۔

پیپر مارکیٹ کراچی میں یومِ آزادی کے موقعے پر بڑی تعداد میں عوام گھروں سے نکل آئے اور سبز ہلالی پرچموں کی خریداری کی۔

لاہور میں طالبہ نے مینارِ پاکستان کے ہمراہ سبز ہلالی پرچم کی تصویر بنائی ہے جسے فائنل ٹچ دیا جارہا ہے۔

داتا کی نگری لاہور میں یومِ آزادی کے جشن کے موقعے پر 2 خواتین بابِ پاکستان کے ماڈل کا معائنہ کررہی ہیں جو 1947 میں مہاجرین کی پہلی پناہ گاہ بنا۔

پنجاب اسمبلی کی بلڈنگ کو بھی یومِ پاکستان کے جشن کیلئے برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جہاں قانون سازی کا فریضہ انجام دیا جاتا ہے۔

نوجوان نسل اسلام آباد میں ایک دکاندار سے سبز ہلالی پرچم خریدنے میں مصروف ہے۔