کراچی: قومی ائیر لائن (پی آئی اے) نے طبی مسائل کا بہانہ بنا کر اپنے عملے کے فلائٹ کے دوران روزہ رکھنے پر پابندی لگا دی ہے جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی ائیر لائن کے کریو ممبرز کسی بھی پرواز کے دوران روزہ نہیں رکھ سکیں گے۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ قومی ائیر لائن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
زکوٰۃ کٹوتی کا دن، ملک بھر کے بینک آج عوامی لین دین کیلئے بند
ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ کا کہنا ہے کہ نوٹیفکیشن کے تحت کریو ممبرز اگر روزہ رکھنا ضروری سمجھتے ہیں تو انہیں چھٹی کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ عملہ چھٹی لینے پر غور کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر کی ائیر لائنز کا عملہ رمضان کے دوران روزے نہیں رکھ سکتا تاہم پی آئی اے اور ایمریٹس ائیر لائن کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ان کا عملہ روزہ رکھ کر بھی کام جاری رکھتا ہے۔
تاہم پی آئی اے نے طبی مسائل کو جواز بنا کر روزہ رکھنے پر پابندی عائد کی ہے جس کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد روزہ رکھ کر کام جاری رکھنے کے خواہش مند عملے کی تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔