شہرِ قائد میں شیعہ برادری کے دھرنے کے باعث بد ترین ٹریفک جام کے باعث قومی ائیر لائن (پی آئی اے) نے مسافروں کو مقررہ وقت سے قبل ائیرپورٹ پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شاہراہِ فیصل سمیت کراچی کے دیگر علاقوں میں ٹریفک جام کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ ترجمان پی آئی اے نے تمام مسافروں سے التماس کی کہ وقت رکھ کر ائیرپورٹ پہنچیں تاکہ پروازیں بروقت روانہ ہوسکیں۔
ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ تمام مسافروں سے التماس ہے کہ وہ بر وقت معلومات کیلئے فلائٹ انکوائری یا پی آئی اے کال سینٹر سے رابطے میں رہیں۔مسافر ائیر پورٹ بر وقت پہنچیں تاکہ سفر وقت پر شروع کیاجاسکے۔
یاد رہے کہ کراچی کے مختلف مقامات پر شیعہ برادری نے مچھ میں مزدوروں کے اندوہناک قتل کےمسئلے پر دھرنا دے رکھا ہے جس کے باعث ٹریفک کی صورتحال بد ترین ہو گئی۔
کراچی کے علاقے نمائش، سی او ڈی، ملیر 15، کامران چورنگی اور شاہراہِ فیصل پر دھرنے کے باعث بد ترین ٹریفک جام ہے۔ گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ موٹر سائیکل سواروں کو بھی آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
مزید پڑھیں: مختلف مقامات پر شیعہ برادری کا دھرنا، ٹریفک کی بد ترین صورتحال