کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے اندرون ملک پروازوں کے کرائے میں مزید کمی کا اعلان کیا ہے، کراچی سے اسلام آباد اور کراچی سے لاہور کیلئے ایک طرفہ کرایہ 9ہزار572 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ مسافروں کو 7 کلو سامان بھی ساتھ لے جانے کی اجازت ہوگی۔
پی آئی اے نے پچھلے ہفتے ہی اندرون ملک پروازوں کے کرایوں میں کمی کا اعلان کیا تھا جبکہ نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد اور دیگر شہروں کیلئے ایک طرفہ ٹکٹ کے لئے 12ہزارروپے مقرر کیے گئے ہیں،ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ رعایتی کرائے فوری طور پر نافذ ہوجائیں گے۔
کراچی یا اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والی پرواز کے ایک طرفہ ٹکٹ یا کوئٹہ سے لاہور جانے والی پروازوں کی ٹکٹ 14ہزار448 روپے کی ہوگی۔
اس سے قبل اسلام آباد میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ذوالفقار عباس بخاری نے کہا تھا کہ متحدہ عرب امارات سے متعلق خصوصی پروازوں کے لئے ہوائی کرایوں میں 20 سے 30 فیصد کمی کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں پھنسے ہوئے تمام پاکستانیوں کی وطن واپسی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ، ذوالفقار بخاری نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات سے ملتان اور کراچی کے لئے ٹکٹ بالترتیب 957 درہم اور 810 درہم پر دستیاب ہوں گے۔
مزید پڑھیں:پی آئی اے انتظامیہ نے افسران و ملازمین کی کارکردگی بہتربنانے کیلئے ڈنڈا اٹھالیا