ڈبلن: آئر لینڈ میں پیٹرول پمپ پر زوردار دھماکے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد ہلاک جبکہ 7 زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ دھماکہ آئرلینڈ کے گاؤں کریسلو میں سروس اسٹیشن پر ہوا۔ زخمیوں کو ڈونیگال کے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
امریکا کا اپنے شہریوں کو بلوچستان، خیبر پختونخوا کا سفر نہ کرنیکی ہدایت
بین الاقوامی میڈیا کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں سروس اسٹیشن کی بلڈنگ کے علاوہ رہائشی عمارت بھی بری طرح متاثر ہوئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ بہت شدید نوعیت کا تھا جس کی آواز دور تک سنی گئی۔
آئرش پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں 4 مرد، 3 خواتین، 1 کمسن لڑکے اور 2 لڑکیوں سمیت 10 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ زخمی ہونے والے 7 افراد کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
ریسکیو آپریشن کے اختتام کے بعد واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے باعث سروس اسٹیشن کے اوپر قائم رہائشی یونٹ کی چھت گر گئی تھی۔
دھماکے کے نتیجے میں زخمی افراد کو لیٹر کینی یونیورسٹی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ہم کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔
قبل ازیں آئرش کوسٹ گارڈز کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ پر ریسکیو آپریشن جو ختم ہوچکا، اس میں ایک ہیلی کاپٹر اور متعدد ایمبولینسز نے معاونت کی۔واقعہ دہشت گردی کا نتیجہ تھا یا نہیں، تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا۔