اسلام آباد: سپریم کورٹ میں سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کے خلاف درخواستوں پر سماعت آج ہوگی۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں قائم عدالت عظمیٰ کا 7 رکنی لارجر بینچ درخواستوں پر سماعت کرے گا۔
عدالت عظمیٰ کی جانب سے اس سے قبل ہونے والی سماعت پر وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وزیر دفاع خواجہ آصف، اٹارنی جنرل اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کو نوٹس جاری کیے گئے تھے۔
سپریم کورٹ میں آج ہونے والی سماعت میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے فروغ نسیم لارجر بنچ کے سامنے پیش ہوں گے، وزیر دفاع خواجہ آصف کی نمائندگی عرفان قادر کریں گے جبکہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی طرف سے شاہ خاور پیش ہوں گے۔
خواجہ آصف کی چیئرمین سینیٹ کے مراعات کے بل پر تنقید
یاد رہے کہ سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ، سینئر وکیل اعتزاز احسن، کرامت علی اور چیئرمین تحریک انصاف نے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں، درخواست گزاروں نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کو غیر آئینی قرار دینے کی استدعا کر رکھی ہے۔
جمعے کو عدالت نے درخواستوں پر سماعت پیر 26 جون ( آج ) کی صبح ساڑھے 9 بجے تک ملتوی کی تھی اور چیف جسٹس نے کہا تھا کہ پیر کو سلمان اکرم راجہ کے دلائل سے سماعت کا آغاز کیا جائے گا، ازخود نوٹس لیں گے اور نہ جوڈیشل آرڈرکریں گے لیکن تمام چیزیں نوٹ کر رہے ہیں، کوشش ہو گی کہ اس کیس کا نتیجہ منگل تک نکل آئے۔