لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ن لیگ ہمارا گھر ہے جسے بڑی محنت سے نواز شریف نے بنایا۔انہوں نے نے اپنے استعفے کی خبروں کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں منظر سے غائب نہیں ہوا۔
میاں شہباز شریف کا ایک نجی ٹیلی وژن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ نواز شریف میرے قائد ہیں، ہر بات میں ان سے مشاورت کرتا ہوں۔ہمارے ملک میں سیاستدان بھی استعمال ہوئے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہہ رہے ہم فرشتے ہیں، ہم سے بھی غلطیاں ہوئیں۔ تاہم ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھنا چاہیے۔ ہم سیاستدان آلہ کار بنے ہیں، اس حمام میں سب ننگے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمت عملی بناتے تو نواز شریف چوتھی بار وزیراعظم ہوتے، میری رائے کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔ کوئی بھی ہو ہمیں ملک کی خاطر اپنی انا کو ختم کرنا ہوگا۔
اُنہوں نے کہا کہ حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) بنی اور ٹوٹ بھی گئی، ان دنوں میں جیل میں تھا۔ اب میں بطور اپوزیشن لیڈر تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتا ہوں۔ اگر اپوزیشن باہر اکھٹی نہیں ہوتی تو اسے کم از کم پارلمینٹ میں اکھٹے ہونا چاہیے۔
شہباز شریف نے اپنی گفتگو کے دوران یہ بھی بتایا کہ غلام اسحاق خان اور اس کے بعد پرویز مشرف نے بھی مجھے وزیراعظم بنانے کی پیشکش کی تھی۔تاہم اُنہوں نے انکار کردیا تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ دو مرتبہ نیب کا مہمان بن چکا ہوں۔ وزیراعظم عمران خان کا بس چلے تو وہ مجھے دوبارہ گرفتار کرا دیں۔ مجھ پر جو سختیاں کی گئیں، ان سے میری سوچ نہیں بدلی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک کیلئے ذاتی انا کو ختم کرنا ہوگا، آئیں ماضی کی تلخیوں کو دفن کریں۔ جتنی سپورٹ عمران خان حکومت کو ملی، اس کا 100واں حصہ بھی کسی کو نہیں ملا، لیکن اتنی سپورٹ کے باوجود ملکی حالات خراب ہیں۔
مزید پڑھیں: وفاقی حکومت عوام پر معاشی بوجھ ڈال رہی ہے، مرتضیٰ وہاب