کراچی: معروف سیاستدان اور بزنس مین زاہد اعوان نے کہا ہے کہ کورونا سے تو لوگ مر ہی رہے تھے، رہی سہی کسر کے الیکٹرک نے پوری کردی ہے، کراچی کے شہریوں پر لوڈشیڈنگ کا ظلم کرنے کے لئے کے الیکٹرک کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں۔
زاہد اعوان نے کہا کہ جن علاقوں میں پورے پورے دن بجلی نہیں ہوتی وہاں بھی بجلی کے بلوں میں کمی نہیں آتی، اووبلنگ کی مد میں عوام کی جیبوں پر ڈاکا مارا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس حساب سے کے الیکڑک غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کررہی ہے اس کے بعد لوگ گھروں پر کیسے بیٹھیں؟ زاہد اعوان کا کہنا تھا کہ کراچی صنعتی علاقے ہوں یا رہائشی علاقے سب جگہ صورتحال انتہائی خراب ہے، لوڈشیڈنگ کے باعث صنعتیں بند ہونے کے درپے ہیں۔
انہو ں نے کہا کہ کے الیکٹرک کے خلاف شہری مختلف علاقوں میں احتجاج کررہے ہیں، مگر کے الیکٹرک کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی اور صورتحال جوں کی توں ہے، شہریوں کو مرضی کے بل بھجوائے جارہے ہیں، مگر اس کے باوجود کوئی بہتری کی صورتحال سامنے نہیں آرہی ہے۔
زاہد اعوان نے کہا کہ سندھ حکومت اس گھمبیر مسئلے کی جانب فوری توجہ دے اور کے الیکٹرک کو پابند کرے کہ وہ کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر لوڈشیڈنگ کرنے سے اجتناب کرے۔