اسلام آباد:وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ننکانہ صاحب میں ایک ہی گھرانے کے دس افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔
متاثرہ افراد نے حال ہی میں سعودی عرب کا سفر کیا تھا‘اس کے علاوہ دو افراد تبلیغی جماعت کے ہیں اس صورتحال میں علاقے کے تمام مکینوں کو 14 دن کے لیے کرنٹائن سینٹر میں بھیج دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے تمام افراد کو کھانے پینے کا سامان مکمل گھر پر پہنچا دیا ہے کسی اور شخص میں وائرس کی علامات ظاہر نہیں ہوئی ننکانہ صاحب میں تین اضافی فیلڈ ہسپتال بھی قائم کر دیئے گئے ہیں۔
ان اسپتالوں میں مشترکہ طور پر 160 افراد کے علاج کی گنجائش ہے جبکہ 17 کرنٹائن سینٹر بھی تشکیل دے دیئے گئے ہیں ان میں 16 سو افراد کی گنجائش ہے۔
خدانخواستہ حالات خراب ہونے کی صورت میں چالیس مزید جگہوں کی نشاندہی کی گئی ہے‘جن کو بطور کرنٹائن سینٹر استعمال کیا جاسکے گا۔
قائم کردہ ائسولیش سینٹر میں 53بیڈز کی جگہ موجود ہے چار ہائی ڈپینڈ ینسی یونٹ بھی بنا دیے گئے ہیں ان میں وینٹی لیٹر کی سہولت بھی موجود ہے۔
ہم عوام کی حفاظت کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں میری عوام سے درخواست ہے کہ گھروں پر رہیں اور حکومت کے ساتھ تعاون کریں اس کا مقابلہ صرف احتیاط سے ہی ممکن ہے۔
کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے امید ہے کہ جلد ہم اس مصیبت پر قابو پا لیں گے‘ اعجاز شاہ کا مزید کہنا تھا کہ خدا آپ سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے اور اور ہم بحیثیت ایک قوم اس کا مل کر مقابلہ کر سکیں گے۔